جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو 18 جولائی کو کپواڑہ کے دورے پر تھے جس دوران ایل جی نے ایک وفد سے ملاقات کی، وفد میں شامل بی جے پی کے چار کارکن کا ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 'جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے سرحدی ضلع کپواڑہ کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے متعدد وفود سے پنچایتی راج اداروں اور اربن لوکل باڈیز، ٹریڈرز فیڈریشن، اوقاف کمیٹیوں، ٹرانسپورٹرز، فروٹ گروپز کے نمائندوں کے علاوہ سینیئر شہریوں اور بی جے پی کے کچھ کارکنوں سے بھی بات چیت کی۔'
جس دوران بی جے پی کے چار کارکن جو ایل جی سے بھی ملے تھے کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔
جب ان کارکنوں کے بارے میں یہ خبر ملی تو ڈی ڈی سی آفس کپواڑہ نے فوری طور پر ایل جی کے دورے کے دوران امور سنبھالنے والے ملازمین کو دیگر ملازمین سے الگ کردیا گیا۔
چیف میڈیکل آفیسر کپواڑہ ڈاکٹر کوثر نے اعتراف کیا کہ ہفتے کے روز ایل جی سے ملنے والے بی جے پی وفد میں شامل چار کارکنان کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا ''ہم ان بی جے پی کارکنوں کے تمام رابطوں کی نشاندہی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر کپواڑہ انشل گرگ نے بتایا کہ 'ایل جی سے ملاقات کے دوران وفد میں شامل اراکین نے سماجی فاصلے کا خیال رکھا تھا۔'
گرگ نے کہا 'ہم نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی تھیں لیکن حفاظتی اہلکاروں سمیت ان متاثرہ افراد کے رابطوں کا سراغ لگایا جا رہا ہے اور یہاں تک کہ کچھ ملازمین کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔'