کپوارہ (جموں و کشمیر) : جمعہ کی صبح فوج اور پولیس نے شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے متصل مژھل سکیٹر میں ایک بڑی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار غیر مقامی عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔ جمعہ کی سہ پہر فوج نے اس ضمن میں پریس کانفرنس کے دوران ’’آپریشن کالا جنگل‘‘ کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دراندازوں کو تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور منشیات کو ضبط کیا گیا۔
آپریشن کالا جنگل کے متعلق پریس کانفرنس کے دوران فوج اور پولیس نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کی صبح قریب پانچ بجے فوجی اہلکاروں کو عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت محسوس ہوئی جس کے فوراً بعد فوج نے عسکریت پسندوں پر فائرنگ کی اور اس آپریشن میں سرحد کے اس پار داخل ہونے کی کوشش کر رہے سبھی چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ فوجی افسران نے کہا کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی اہلکاروں کو کوئی بھی نقصان نہیں پہنچا۔ آپریشن کے بعد تلاشی کارروائی شروع کی گئی اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ضبط کیے گئے اسلحہ اور منشیات کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے فوجی افسران نے کہا: ’’آپریشن کے دوران اے کے سیریز کی رائفلیں 9عدد رائفلز، اے کے میگزین 14 مختلف گولہ بارود (اے کے اور پستول) - 288 آر ڈی ایس۔ ہینڈ گرینز چار عدد، پستول تین ععدد، پستول میگزین پانچ عدد، کے علاوہ منشیات کے 55پیکٹ جو بظاہر براؤن شوگر معلوم ہو رہا ہے، کو بھی ضبط کیا گیا۔‘‘
مزید پڑھیں: Four Militants Killed in Kupwara: ایل او سی پر چار درانداز ہلاک، فوج
یاد رہے کہ شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں رواں ماہ کے دوران یہ دراندازی کی دوسری بڑی کوشش تھی جسے فوجی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔ اس سے قبل ضلع کے جمہ گنڈ علاقے میں 16جون کو ایل او سی کے قریب پانچ غیر مقامی عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ جبکہ سرحدی ضلع میں رواں ماہ کے دوران انکاؤنٹر کے دوران دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ اس ماہ سرحدی ضلع کپوارہ میں کل گیارہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔