کپوارہ: پولیس کے مطابق فوج اور پولیس نے سرحدی ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر در اندازی کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک جنگجو کو مار گرایا۔ اس طرح سکیورٹی فورسز نے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا۔
کشمیر زون پولیس نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ 'فوج اور کپوارہ پولیس نے ٹنگڈار سیکٹر کے امروہی علاقے میں ایل او سی پر ایک مشترکہ آپریشن کے دوران در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناکر ایک جنگجو کو مار گرایا'۔ ٹویٹ میں کہا گیا کہ مہلوک جنگجو کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔
مزید پڑھیں: Rajouri Encounter راجوری میں دوسرے روز بھی انکاؤنٹر جاری
وہیں دوسری طرف جموں کے راجوری میں مسلسل دو دنوں سے انکاؤنٹر جاری ہے۔ اس انکاؤنٹر میں اب تک ایک عسکریت پسند کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ راجوری میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن آج بھی جاری ہے اور علاقے میں دو سے تین عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ انکاؤنٹر کے مقام پر آس پاس کے دو کلومیٹر کے علاقے کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز گلگام میں عسکریت پسندوں کے حملے میں تین فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔