موسلا دھار بارشوں اور نالے میں پانی کے بہائو کو خطرہ قرار دیتے ہوئے نیلی پورہ، ہندوارہ کے لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نالے کے اطراف میں بنڈ تعمیر نہ کرنے کے سبب معمولی بارشوں کی وجہ سے بھی علاقے میں سیلاب کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔
گزشتہ دنوں سے جاری موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں مقامی نالے میں پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں نیلی پورہ میں لوگوں کو سیلاب کے ممکنہ خطرے کے سبب تشویش لاحق ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ آر اینڈ بی نے علاقے میں نالے پر پل تعمیر کرکے لوگوں کی مشکلات میں کمی واقع کی ہے تاہم نالے کے اطراف بنڈ تعمیر کیے جانے کی دیرینہ مانگ کو پورا نہ کرنے کے نتیجے میں بارشوں کے دوران لوگوں کی زندگی اجیرن بن جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران علاقے میں ہر وقت سیلاب کا خطرہ بنا رہتا ہے، والدین بچوں کو اسکول بھیجنے میں خوف محسوس کرتے ہیں۔
احتجاج کر رہے لوگوں نے بتایا کہ بنڈ تعمیر کیے جانے کے مانگ کو لیکر انہوں نے کئی مرتبہ ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کو گزارشات کیں تاہم انکے مطابق عوامی مطالبے کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا۔
نیلی پورہ علاقے کے باشندوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے علاقے میں جلد سے جلد بنڈ تعمیر کیے جانے کا مطالبہ کیا۔