جموں و کشمیر میں ضلع کپواڑہ کے پوتشی آئسولیشن مرکز میں کوویڈ-19 مثبت مریضوں نے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے بارے میں حکام کے خلاف احتجاج کیا۔
مریضوں نے مظاہرے کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فراہم کردہ کھانا مکمل طور پر غیر صحت بخش ہے، جس کی وجہ سے وہ بہت تکلیف کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو کئی بار سی ایم او کپواڑہ کے نوٹس میں لایا گیا تھا لیکن ابھی تک کچھ نہیں ہوا ہے۔ مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ کپواڑہ سے معاملے میں مداخلت کی اپیل کی۔
اس سلسلے میں جب سی ایم او کپواڑہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ 'کسی بھی مریض کی جانب سے ان کے پاس کوئی شکایت نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کو ذاتی طور پر دیکھیں گے اور اگر سب کچھ ٹھیک نہیں رہا تو ہم ٹھیکیدار کو تبدیل کر دیں گے اور معمول کے تحت کارروائی کو متحرک کر دیا جائے گا۔'
انہوں نے مزید کہا کہ، 'ملازمین کو کووڈ-19 کے پروٹوکول کے مطابق مریضوں کی دیکھ بھال کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔'