کولگام: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے سابق راجیہ سبھا کے رکن اور جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے نائب صدر نظر احمد لاوے نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہم جنس شادی same sex marriage کے معاملہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشرقی روایات، بھارتی سماج اور مذہبی تعلیمات کے بالکل برعکس ہے، اگر یہ ہمارے ملک میں نافذ ہوجاتا ہے تو اس سے نہ صرف یہ کہ سماج میں اس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے بلکہ منفی اثرات کے امکان سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے عدالت عظمی سے اس عرضی کو خارج کرنے کی اپیل کی ہے ۔
G20 کانفرنس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوش آئند قدم ہے اور اس سے دوستانہ تعلقات کے علاوہ روزگار اور تعمیر و ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے،اس کے علاوہ متعدد ممالک کے لوگوں کی کشمیر آمد سے یہاں کی معشیت میں بھی بہتری کے امکانات روشن ہونگے۔
گوا میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی آمد کے امکان کے معاملہ پر انہوں نے کہا کہ اس سے ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری کے امکانات روشن ہونگے اور مزید شعبوں میں تعلقات کے بہتر مواقع فراہم ہونگے۔
مزید پڑھیں:Posters Against Pakistani Minister اندور میں پاکستانی وزیر خارجہ کے خلاف پوسٹر چسپاں
انہوں نے بلاول بھٹو کے بھارت آمد کے امکان کا خیر مقدم کرتے ہوہے کہا کہ ان کا ہندوستان آنا یہ خوش آئند قدم ہے اور اس طرح دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات بہتر ہوں گیے۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے اِن تمام تر امور پر روشنی ڈالی۔