کولگام: جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں نیو بس اسٹینڈ کے قریب چولگام چوک میں بعد دوپہر آتشزدگی کی ایک واردات میں ایک دکان خاکستر ہو گیا۔ آتشزدگی کے سبب گرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ کے سبب دکان میں موجود املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔ پولیس نے اس ضمن میں واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق نیو بس اسٹینڈ، چولگام چوک میں بعد دوپہر ایک سبزی کی دکان سے اچانک آگ بڑھک اٹھی اور اس نے پوری دکان کو آناً فاناً اپنی زد میں لے لیا۔ مقامی باشندوں نے فوری طور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ کو مطلع کیا جنہوں نے برفباری کے باوجود وقت پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ مقامی باشندوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا: ’’فائر ٹینڈرز کی کاوشوں کے سبب بڑے حادثہ کو ٹالا گیا۔‘‘
عینی شاہدین کے مطابق آگ بجلی شاٹ سرکٹ کے سبب نمودار ہوئی تاہم پولیس نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ فائر ٹینڈرز نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’محکمہ فائر اینڈر ایمرجنسی عملہ ہمہ وقت عوامی جان و مال کی حفاظت کے لیے کمر بستہ رہتا ہے۔‘‘ یہ پوچھے جانے پر کہ برفباری کے دوران کیا انہیں بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، فائر ٹینڈر ظہور احمد نے کہا: ’’برفباری کے سبب سڑکوں پر جمع برف، پھسلن کے سبب متاثرہ علاقوں تک پہنچنے میں دقتیں پیش آتی ہیں، وہیں کہرے اور پانی جم جانے کے سبب بھی ہمیں مشکلات سے جوجھنا پڑتا ہے، تاہم اس کے باوجود فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ عوامی جان و مال کی حفاظت کے لیے وعدہ بند ہے۔
مزید پڑھیں: Cowshed Gutted in Kulgam گدر، کولگام میں آتشزدگی، گؤ خانہ خاکستر
انہوں نے کہا کہ چولگام میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہوتے ہی عملہ محض چند منٹوں میں یہاں پہنچ گیا اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ آتشزدگی کے بڑھتے معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور سردیوں میں کانگڑی، بجلی سے چلنے والے گرمی کے آلات کو احتیاط سے چلانے کی تلقین کی ہے۔