کولگام (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نجی کوچنگ اداروں کو اسکول کے اوقات کار کے دوران کام نہ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ضلع کے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ ’’یہ احکامات تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کے عمل کو آسانی سے جاری رکھنے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔‘‘ چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) کولگام کے مطابق: ’’اسکولی اوقات کار کے دوران نجی کوچنگ مراکز کھلے رہنے اور طلبہ کو اسکول جانے سے روکنے کی شکایات موصول ہونے کے بعد یہ حکمنامہ صادر کیا گیا ہے۔‘‘
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے چیف ایجوکیشن آفیسر، کولگام، مشتاق احمد نے بتایا کہ اسکولوں میں طلبہ کی حاضری کو ممکن بنانے اور ہموار تعلیمی نظام کو ممکن بنانے کی غرض سے سبھی کوچنگ مراکز کو اسکولی اوقات کار کے دوران کوچنگ سنٹرز کو بند رہنے کے احکامات صادر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کیے گئے حکمنامہ کے مطابق سبھی کوچنگ سنٹرز کے مالکان کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ اسکولی اوقات کار کے دوران صبح 9بجے سے شام 4:15تک وہ اپنے کوچنگ مراکز کو بند رکھیں تاکہ طلبہ کی کلاس ورک متاثر نہ ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکمنامہ میں سرکاری ملازمین خاص کر محکمہ تعلیم سے وابستہ اساتذہ کو بھی پرائیویٹ کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں درس و تدریس سے ممناعت کی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں انہوں نے سخت کارروائی کا بھی انتباہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی یا غفلت شعاری برداشت نہیں کی جائے گی اور حکمنامہ کی خلاف ورزی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ حکومت نے گزشتہ تعلیمی سیشن کے دوران اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ تدریسی عملہ کے ذریعے پرائیویٹ ٹیوشن سمیت کسی بھی غیر حکومتی تدریسی سرگرمی پر مکمل پابندی کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: Students Demand Revocation of Ban on Coaching Centres: 'طلبہ کا نا قابل تلافی نقصان ہو رہا ہے'