کولگام: معاشرے سے منشیات کے وبا کی بیخ کو یقینی بنانے کے لئے منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے کولگام پولیس نے تین برسوں سے فرار ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا، جبکہ بارہمولہ پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔ کولگام پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کولگام پولیس نے پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں درج ایک کیس کے سلسلے میں گرفتاری سے بچنے والے ایک مفرور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ کی ایک خصوصی پارٹی نے کھر گنڈ کولگام میں ایک خاص مقام پر چھاپہ مارا۔
انہوں نے کہا کہ چھاپے کے دوران مفرور شخص جو ایک بد نام زمانہ منشیات فروش ہے، کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار شدہ کی شناخت گلزار احمد لون ولد غلام حسن لون ساکن کھر گنڈ کے بطور کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدہ گذشتہ تین برسوں سے فرار تھا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص کو پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثنا بارہمولہ پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے نشہ آور ادویات بر آمد کی ہیں۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے معمول کی گشت کے دوران جانباز پورہ بارہمولہ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ انہوں نے کہ چکلو سے جانباز پور کی طرف آ رہے ان منشیات فروشوں نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم انہیں موقعے پر ہی دھر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: Drug Smuggling Case in Baramulla بارہمولہ میں دو خواتین سمیت تین منشیات فروش گرفتار
بیان میں منشیات فروشوں کی شناخت محمد عارف ماگرے ولد محمد ایوب ماگرے ساکن چکلو اور سمیر احمد ڈار ولد عبدالحمید ڈار ساکن جانباز پورہ کے بطور کی گئی ہے۔ پولیس بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران گرفتار شدگان کی تحویل سے 143 ایس پی ایس پی ایچ ای این پلس کیپسول بر آمد کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ ادھر لوگوں نے پولیس کی طرف سے منشیات کے خلاف جاری جنگ کی سراہنا کی ہے۔
یو این آئی