وادی کشمیر میں مسلسل برفباری کے سبب معمولات زندگی متاثر ہے، متعدد دیہات کا ضلع صدر مقامات سے زمینی رابطہ منقطع ہے، وہیں برفباری سے تعمیراتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ضلع کولگام میں دیوسر علاقے کے چندن پجن علاقے میں بشیر احمد میر نامی ایک شخص کا رہایشی مکان برفباری کے سبب تباہ ہو گیا۔
برفباری سے مکان کی چھت گر گئی تاہم اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر اہل خانہ کو محفوظ مقام منتقل کیا، تاہم انہوں نے انتظامیہ سے متاثرین کی بازآبادکاری کی اپیل کی ہے۔
دریں اثناء سرینگر - جموں قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر مسلسل برفباری کے سبب پچاس سے زائد درماندہ مسافرین کو بیکن کی جانب سے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔