کولگام: جنوبی ضلع کولگام کے سامنو علاقے میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین پچھلے 20گھنٹوں سے جاری تصادم میں 5ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے رہائشی مکان میں محصور ملی ٹینٹوں کو کئی دفعہ خود سپردگی کی بھی پیشکش کی تاہم وہ لڑنے پر بضد رہے۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع کولگام کے سامنو گاؤں میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں پانچ ملیٹینٹ مارے گئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر سکیورٹی فورسز کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ کولگام کے سامنو گاوں میں نصف درجن کے قریب ملی ٹینٹ چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طورپر گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ رہائشی مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود عسکریت پسندوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سکیورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدیدگولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جمعرات شام آٹھ بجے تک سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد فورسز نے پورے علاقے میں چار دائروں والی سکیورٹی تعینات کی تاکہ عسکریت پسندوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے سامنو اور اس کے متصل متعدد علاقوں کو پوری طرح سے سیل کیا اور لوگوں کے چلنے پھرنے پر بھی پابندی عائد کی۔
مزید پڑھیں:
ان کے مطابق جمعے کی صبح عسکریت پسندوں اور فورسز کے مابین پھر گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا اور بعد ازاں فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچ ملیٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ رہائشی مکان میں محصور ملیٹینٹوں کو خود سپردگی کرنے کا بھی بھر پور موقع فراہم کیا گیا تاہم عسکرت پسندوں نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کے بعد فورسز نے مکان کو بارودی مواد سے اڑا دیا ۔
دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کولگام کے سامنو علاقے میں پانچ ملی ٹینٹ مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔