جموں و کشمیر، ضلع کولگام میں سی آر پی اٹھارہ بٹالین کولگام کی جانب سے قومی شاہراہ اور دیگر مقامات کی سڑکوں کی کھوجی کتے کے ذریعہ چانچ پڑتال کی گئی۔
دراصل اس قسم کی کاروائی گزشتہ دنوں کشمیر کے کئی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر حملے کے بعد ہی شروع کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے وادی کے مختلف علاقوں میں عسکری حملوں میں اضافہ ہوا ہے، 25 مارچ کو سرینگر کے مضافاتی علاقے لاوے پورہ میں عسکریت پسندوں کی جانب سے سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر حملہ کیا گیا، جس میں تین سی آر پی ایف جوان ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔
حملے کے 5 روز بعد شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں بھی عسکریت پسندوں نے حملہ کیا جس میں دو بی ڈی سی کاونسلرز اور ان کا ایک محافظ بھی ہلاک ہوگیا تھا۔
ان حملوں کے بعد وادی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ سالانہ امرناتھ یاترا جو رواں برس جون میں شروع ہونے والی ہے اس کے پیش نظر بھی سکیورٹی میں بھی مزید اضافہ کیا گیا ہے۔
ادھر چند ہفتے قبل کشمیر زون پولیس کے انسپیکٹر جنرل وجے کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو پُرامن بنانے کے لیے ڈرون کیمروں کا بھی استمعال کیا جائے گا۔