جموں و کشمیر پولیس کے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا ہے کہ کووڈ-19 کی وجہ سے عسکری مخالف آپریشنز میں خلل پڑا ہے لیکن اس کے باوجود سیکیورٹی فورسز نے بڑی تعداد میں عسکریت پسندوں کا قلع قمع کیا ہے۔
انہوں نے پولیس لائنز کولگام میں ایک تقریب کے حاشئے پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کشمیر میں سو سے زائد عسکریت پسند موجود ہے تاہم ان کی تعداد بتدریج کم ہوتی جا رہی ہے۔
ڈی جی پی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ عسکری راستہ اختیار نہ کریں کیونکہ اس راستے پر تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں ملتا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ہمیشہ عسکریت پسندوں کے اہلخانہ کے ساتھ اچھا سلوک کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔
دلباغ سنگھ نے پولیس محکمہ میں جدت لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تھانوں کو جدید اور بہتر ساز و سامان سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی پی آج جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام اضلاع کے دورے پر تھے اور یہاں انہوں نے کئی تعمیراتی منصوبوں کا رسم افتتاح کرنے کے علاوہ پولیس ویلفیئر اسکیموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کے ساتھ علیحدہ میٹنگ کی صدارت کی اور امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔
موصوف نے کہا پولیس میں کورونا ٹیکہ کاری مہم جاری ہے اور ابھی تک تقریباً 75 فیصد اہلکاروں کو پہلی خوراک دی گئی ہے۔