کوروناوائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے عائد لاک ڈائون اور سماجی دوری برقرار رکھنے کے سرکاری احکامات کی وجہ سے جہاں عام زندگی متاثر ہو چکی ہے وہیں سماجی، سیاسی اور مذہبی تقاریب بھی اثر انداز ہو رہی ہیں۔
جنوبی کشمیر میں ضلع کولگام کے چولگام علاقے میں ہر سال گنیش مندر میں ہون کا اہتمام کیا جاتا ہے تاہم رواں برس کوروناوائرس کے پھیلائو اور سرکاری احکامات کے پیش نظر ہون کو منسوخ کر دیا گیا۔
نمائندے کے مطابق دیوستھان سدھر سبھا چولگام کی انتظامیہ نے 6 مئی کو گنیش چتردھی کے موقع پر ہونے والا سالانہ مہا یگیہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹرسٹ کے منتظمین نے عالم انسانیت کی فلاح و بہبود اور وائرس سے نجات کے لیے اپنے اپنے مقامات پر دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔
ٹرسٹ کے عہدیداروں کے مطابق ہر سال مندر میں ایک ہون کا اہتمام کیا جاتا تھا جس میں کشمیر کے مختلف اطرف و اکناف کے علاوہ غیر مقامی افراد بھی شامل ہوتے تھے۔ ’’تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر اس بار ہون کو منسوخ کیا گیا۔‘‘