جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع کولگام میں امیدواروں کی جانب سے ووٹروں کو اپنی طرف راغب کرنے کی بھر پور کوشش جاری ہے۔ جہاں امیدوار گھر گھر جاکر لوگوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں وہیں روڈ شو و انتخابی جلسوں کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔
بلاک کنڈ سے میدان میں اترے ضلع ترقیاتی کونسل آزاد امیدوار فیاض احمد شاہ نے اتوار کے روز دیوسر میں روڈ شو نکالا اور ووٹروں سے اپیل کی کہ ان کے حق میں ووٹ دیں۔
قابل ذکر ہے کہ 5 اگست 2019 کے بعد یہ پہلا انتخابی دنگل ہے جس میں علاقائی اور نیشنل پارٹیوں نے اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔
تاہم مقامی مین اسٹریم پارٹیاں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، پیپلز کانفرنس وغیرہ نے گپکار ڈکلریشن کو برقرار رکھتے ہوئے متحد ہوکر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ملک میں حزب اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی اور الطاف بخاری کی اپنی پارٹی گپکار الائنس کے مقابلہ میں نظر آرہی ہے۔
اس مقابلہ آرائی میں دلچسپی اس وقت بڑھ گئی جب کانگریس نے پہلے الائنس کا ہاتھ تھاما اور بعد میں جب انہیں نیشنل سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو انہوں نے الائنس سے کنارہ کشی اختیار کی۔ اس سیاسی کشمکش نے لوگوں کو کس حد تک لبھانے کی کوشش کی ہے اس کا پتہ نتائج کے روز ہی سامنے آئے گا۔