کولگام :وادی کشمیر کا ذرہ ذرہ قدرتی مناظر سے بھرپور ہے، یہاں کے دلکش سیاحتی مقامات مقامی ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔ ضلع کولگام میں موجود اہربل سیاحتی مقام بھی ایک منفرد اور پُرکشش سیاحتی مقام ہے جو ان دنوں ملکی مقامی و غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔آج کے سیزن میں ملکی و مقامی سیاح اہربل وارد ہو رہے ہیں اور اہربل کے معروف واٹر فال کے مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
اہربل کا آبشار (واٹر فال) کافی معروف ہے، جسے دیکھنے کے لئے سال بھر سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں وارد ہو رہی ہے۔ اہربل ایک ایسا حسین اور خوبصورت علاقہ ہے جو نہ صرف واٹر فال بلکہ آف بیٹ اور ایڈوینچر ٹورازم سے بھر پور ہے۔ یہاں کے دیگر مختلف دلکش مقامات اہربل کی خوبصورتی میں چار چاند لگاتے ہیں۔اہربل کی وادیوں میں سیرو تفریح کے لئے ٹریکرس کی ایک بڑی تعداد بھی وارد ہو رہی ہے، جو اہربل کے ٹریکنگ مقامات کی ٹریکنگ کرکے خوب لطف لے رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے غیر ریاستی سیاحوں نے کہا کہ وہ پہلی بار اہربل آئے ہیں اور انہیں اہربل کی خوبصورتی دیکھ کر بہت مزہ آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وادی کے مختلف سیاحتی مقامات جیسے پہلگام، گلمرگ، ڈل جھیل کی سیرو تفریح کر چکے ہیں، لیکن اہربل کے مناظر دیکھ کر وہ کافی متاثر ہوئے ہیں اور وہ دوبارہ یہاں آنے کی خواہش لئے لوٹ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: 'انتظامیہ توجہ دے تو اہربل واٹر فال اہم سیاحتی مرکز بن سکتا ہے'
تاہم انہوں نے کہا کہ اس جگہ پر مزید دھیان دینے کی ضرورت ہے، خاص کر رابطہ سڑکوں کی تجدید و مرمت اور ان کی کشادگی کے لئے اقدامات اٹھانے چاہیے تاکہ سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو سکے اور یہاں کے لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہو سکیں۔