کشتواڑ (جموں و کشمیر) : پہاڑی ضلع کشتواڑ کے سنگرام بھاٹا گاؤں کے رہنے والے راقین ضیاء نامی ایک شخص کو کشتواڑ پولیس نے گرفتار کر لیا۔ راقین پر ایک مسلح پولیس اہلکار پر حملہ کرنے، دوران ڈیوٹی اسے زمین پر پٹخنے اور اس کا زد و کوب کرنے کا الزام ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ منگل کو زیلنا گاؤں میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (ARTO) کے پرسنل سیکورٹی آفیسر کے طور پر تعینات ایک پولیس اہلکار نے جب راقین ضیا کو اے آرٹی او کیساتھ، مبینہ طور، بدتمیزی کرنے سے روکنے کی کوشش کی تو اس نے پولیس اہلکار کا زد و کوب کیا۔
پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر شیئر بھی ہوئی جس میں ملزم کو مسلح پولیس اہلکار کو لاتیں مارتے اور گھونسے مارتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں ملزم نے پولیس اہلکار کو زمین پر بھی گرا دیا تھا، جبکہ آس پاس کے لوگ اسے روکنے کی بھی کوشش کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: لاکھوں روپے کے ساتھ تین ملزمین گرفتار
کشتواڑ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ’’راقین ضیاء ایک خود ساختہ غنڈہ ہے جس نے اے آر ٹی او کے ساتھ بدتمیزی کی اور اس کے پرسنل سیکورٹی آفیسر کا اس وقت زد وکوب کیا جب اُس نے اسے روکنے کی کوشش کی۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم نے سریہ سے سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا، جس سے عوامی املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ ملزم راقین ضیا کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔