نئی دہلی: کیرالہ میں کووڈ کی نئی شکل جے این-1 کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ صحت و خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت نے ہفتہ کو یہاں کہا کہ کیرالہ میں کووڈ جے این-1 کی نئی شکل کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ معاملہ ہندوستانی سارس-سی او وی-2 جینومکس کنسورشیم (آئی این ایس اے سی او جی) کی باقاعدہ نگرانی میں آیا ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ مرکزی حکام ریاستی صحت کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
یہ معاملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزارت صحت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کے تحت ایک موک ڈرل کر رہی تھی۔ انڈین میڈیکل کونسل (آئی سی ایم آر) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راجیو بہل نے کہا کہ 8 دسمبر کو کیرالہ کے ترواننتا پورم میں کراکلم سے آر ٹی پی سی آر کے نمونے میں اس کیس کا پتہ چلا۔ نمونے کا آر ٹی۔پی سی آر ٹیسٹ 18 نومبر کو کیا گیا تھا۔ مریض میں انفلوئنزا جیسی بیماری کی ہلکی علامات تھیں۔ یہ مریض کووڈ-19 انفیکشن سے صحت یاب ہوا ہے۔
انفلوئنزا کے مریضوں کا کووڈ-19 کے تناظر میں نظر ثانی شدہ نگرانی کے رہنما خطوط کے مطابق ٹیسٹ کیا جاتا ہے اور مثبت کیسز کو مکمل جینوم کی ترتیب کے لیے بھیجا جاتا ہے۔ پچھلے کچھ ہفتوں سے کیرالہ میں کووڈ 19 کے معاملات میں اضافہ کا رجحان ہے۔ یواین آئی۔