کٹھوعہ (جموں و کشمیر) : جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں تیسری جماعت کی ایک طالبہ کی جانب سے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم نریندر مودی سے اپنے اسکول میں بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کی اپیل کرنے کے چند دن بعد جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری انتظامیہ نے اس کی تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں کام شروع کر دیا گیا ہے۔
سیرت ناز نام کی طالبہ کی جانب سے گذشتہ ہفتے جاری کیے گئے ایک ویڈیو کے ذریعے وزیر اعظم سے اپیل نے جموں کے ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن روی شنکر شرما کو دور دراز کے لوہائی ملہار بلاک میں ایک سرکاری اسکول کا دورہ کرنے پر مجبور کیا۔ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت سے صارفین نے شیئر کیا۔ یہ ویڈیو کافی وائرل ہوا تھا۔
ناز نے اپنی چار منٹ کے ویڈیو کے آغاز میں کہا کہ ’’السلام علیکم مودی جی، آپ کسے ہو آپ... آپ سب کی بات سنتے ہو، میری بھی بات سنو۔‘‘ اپنے اسکول کی خستہ حالی کا ذکر کرتے ہوئے ناز نے کہا کہ طلباء گندے فرش پر بیٹھنے پر مجبور ہیں، اکثر ان کی اسکول یونیفارم گندی رہتی ہے۔ انہوں نے بیت الخلاء کی حالت زار، کھلے میں رفع حاجت کا مسئلہ اور اسکول کے نامکمل تعمیراتی کام کا بھی ذکر کیا۔
مزید پڑھیں: J&K Girl's wish to PM Modi مودی جی آپ سب کی سنتے ہیں میری بھی سنیں، جموں کی بچی کی پی ایم مودی سے اپیل
وزیر اعظم سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے اس کمسن طالبہ نے کہا کہ ’’آپ پورے ملک کی بات سنتے ہیں، براہ کرم میری بھی سنیں اور ہمارے لیے ایک اچھا اسکول بنائیں تاکہ ہم اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور گندگی یونیفارم پر ہمیں اپنی والدہ (کے غضب) کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے جموں و کشمیر انتظامیہ فوری طور پر اسکول کو نئی شکل دینے کے لیے حرکت میں آ گئی ہے۔ اسکول کا دورہ کرنے کے بعد شرما نے کہا کہ ’’اسکول کو جدید طرز پر اپ گریڈ کرنے کے لیے 91 لاکھ روپے کے پروجیکٹ کو منظور کیا گیا تھا لیکن کچھ انتظامی منظوری کی وجہ سے یہ کام رک گیا تھا۔ اب اسے حل کر لیا گیا ہے اور کام جاری ہے۔‘‘