کرناٹک میں محکمہ پولیس کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار کثیر تعداد میں پولیس کانسٹیبل اور سب انسپکٹر کے تقررات کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
جس کے پیش نظر شہر یادگیر میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں گلبرگہ کیریئر گائیڈینس ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے شرکت کی اور ضلع کے نوجوانوں کو پولیس کانسٹیبل اور سب انسپکٹر کے محکمہ پولیس میں تقررات کرنے سے متعلق معلومات فراہم کی۔
اس موقع پر ریٹائرڈ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس یادگیر قیصر ہنڈے کار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کرناٹکا نے محکمہ پولیس میں مخلوط پولیس کانسٹیبل کی چار ہزار اور پولیس سب انسپکٹر کی 402 جائیدادوں پر تقررات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
جس کے لیے بارہویں پاس امیدوار درخواست دے سکتے ہیں، سب انسپکٹر پوسٹ کے لئے درخواست آن لائن دینے کے لیے سات جولائی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے جب کہ کانسٹیبل پوسٹ کے لیے 12 جولائی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے گلبرگہ کیریئر گائیڈینس ایسوسی ایشن کی جانب سے مفت کوچنگ کلاسیز کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں بیرونی اضلاع سے آنے والے نوجوانوں کو رہنے کھانے کے علاوہ ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کرناٹک کے ایک نوجوان کو باجرا گننے پر ’انڈیاز ورلڈ ریکارڈ‘ سے نوازا گیا
انہوں نے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ملت کے نوجوانوں کو پولیس میں بھرتی کے لئے آمادہ کریں اور اہل امیدواروں کو آن لائن درخواست دینے کے لیے تیار کریں، یہ ہمارا ملی فریضہ ہے۔