ریاست کرناٹک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے 14 دن کا لاک ڈاؤن لگایا ہے، جس کے تحت اشیاء ضروریہ کی خریداری کے لیے وقت مقرر کیا گیا ہے۔ یہ وقت صبح 6 بجے سے 10 بجے تک کا دیا گیا ہے۔
کورونا کیسز کے بڑھتے معاملے پر قابو پانے کے لیے کورونا گائیڈ لائن پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے لیکن شہر کے سبزی مارکیٹ میں دیکھا گیا ہے کہ ایک طرف گاڑیوں کا ہجوم دوسری طرف عوام کا ہجوم، سبزی فروش ایک دوسرے کے قریب دکان لگا کر کاروبار کر رہے ہیں۔ مارکیٹ میں سماجی فاصلے نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ یہاں تک کہ کئی لوگوں نے ماسک تک نہیں لگایا ہے۔
یہ سبزی مارکیٹ روزانہ صبح چار بجے سے شروع ہوتی ہے، شہر کے مختلف جگہوں سے کسان اپنی ترکاری لاکر اس سبزی مارکیٹ میں بیچتے ہیں۔ شہر کے کئی دور دراز علاقوں سے اس سبزی مارکیٹ میں خریدنے کے لیے لوگ آتے ہیں مگر یہاں پر نہ ہی سبزی فروش پر کورونا کا خوف ہے اور نہ ہی سبزی خریدنے والوں پر سماجی فاصلے کا خیال۔
شہر کے اطراف و اکناف چھوٹی مارکیٹوں اور محلہ جات و کالونیوں میں سبزی فروخت کرنے والے اسی مارکیٹ سے خریداری کرتے ہیں اور شہر کے دور دراز علاقوں میں جا کر فروخت کرتے ہیں۔ جس وجہ سے کورونا کیسز میں اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکومت کو چاہیے کہ لاک ڈاؤن لگانے کے ساتھ ساتھ ایسے عوامی مقامات پر لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی اقدامات پر سختی کے ساتھ عمل کروائیں اور عوام جب تک احتیاطی اقدامات پر عمل نہیں کریے گی تب تک کورونا وائرس پر کنٹرول نہیں کیا جاسکتا ہے۔