شہر کے شیواجی نگر میں واقع سرکاری لطیفہ اردو اسکول و گوری پالیہ کے گلوبل پبلک اسکول اور ہدی پبلک اسکول میں "کرناٹک راجیوتسو" نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔
یوم تاسیس کے موقع پر اسکولوں میں مختلف ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جہاں بچوں نے کنڑا زبان کے ثقافتی نغمے گائے۔
واضح رہے کہ ریاست کرناٹکہ یکم نومبر سنہ 1956 کو جنوبی ہند کے کنڑا زبان بولے جانے والے تمام علاقوں کو متحد کرکے ریاست کرناٹک کی تشکیل دی گئی تھی۔
یوم تاسیس کے دن اردو اسکول و دیگر مسلم سماجی کارکنان نے اس بات پر زور دیا کہ مُسلمانوں کو چاہیے کہ اپنی مادری زبان اردو کے ساتھ ساتھ کنڑا اور انگریزی زبانوں کو بھی سیکھیں۔ اپنے خطاب میں سرکردہ شخصیات نے بچوں سے کہا کہ چونکہ ہم ریاست کرناٹک کے باشندے ہیں ہم تمام کا اخلاقی فریضہ ہے کہ کنڑا زبان سیکھیں اور اسے استعمال بھی کریں۔
اس موقع پر معروف سماجی کارکن ڈاکٹر ہمایوں سیٹھ نے مجاہد آزادی شہید ٹیپو سلطان کے متعلق بی جے پی حکومت کی جانب سے کھڑا کیا گیا تنازع اور تاریخ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ یہ تنازع غیر ضروری ہے اور یہ کہ حال ہی میں ریاست میں آئے سیلاب سے اچھے طریقے سے نہ نمٹنے پر حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس موقع پر گلوبل پبلک اسکول کے پرنسپل عبد الرحیم نے کہا کہ کنڑا زبان کو اس لیے بھی ہم سیکھیں کہ ریاست میں اس سے روزگار جڑا ہوا ہے اور اس سے ترقی کے مواقع فراہم ہوتے ہیں۔