بیدر: ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر میں واقع شاہین انڈر گریجویٹ سائنس کالج میں ٹریفک قوانین سے متعلق بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ پولیس کے اعلیٰ آفسران اور طلبا و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیش میگھنوار نے شاہین انڈرگریجویٹ سائنس کالج، بیدر میں منعقد ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پروگرام سے خطاب کیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیش میگھنانوار نے کہا کہ سڑک حادثات سے بچنے کے لیے عوام کو بغیر کسی رکاوٹ کے ٹریفک قوانین پر عمل کرنا چاہیے۔وہ یہاں شاہ پور گیٹ کے قریب شاہین انڈر گریجویٹ سائنس کالج میں ضلعی پولیس کی جانب سے روڈ ایکسیڈنٹ سے بچاؤ کے مہینے کے موقع پر منعقد ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 75 فیصد سڑک حادثات ڈرائیوروں کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے 18 سے 35 سال کی عمر کے نوجوان بڑی تعداد میں اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔2022 میں ملک میں 3.5 لاکھ سے زیادہ سڑک حادثات میں 1.55 لاکھ افراد ہلاک ہوئے۔ ریاست میں 36,100 حادثات میں 9,857 افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 57 فیصد کیسز تیز رفتاری اور لاپرواہی کی وجہ سے ہوئے جب کہ 29 فیصد کیسز ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:Revoke Anti Hijab Rule حجاب مخالف قانون منسوخ کرنے کا مطالبہ
ضلع میں حادثات کے واقعات میں سالانہ اوسطاً 300 سے 325 اموات ہوتی ہیں۔ رواں سال کے 6 ماہ میں 170 افراد حادثات میں جاں بحق ہوئے۔ بیدر ضلع پولیس کا مقصد ضلع میں حادثات پر قابو پانا ہے۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ چناباساونا نے کہا کہ ان کی رہنمائی میں ضلع بھر میں اسکول و کالج، عوامی مقامات پر اسٹیج پروگرام، پمفلٹ کی تقسیم، نوٹس بورڈز کی تنصیب وغیرہ کے ذریعے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کی جا رہی ہے۔
شاہین گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر نے کہا کہ زندگی بہت قیمتی ہے۔ لوگوں کی جان بچانے کے لیے ٹریفک قوانین بنائے گئے ہیں اس لیے ہر ایک کے لیے ان پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ اس موقع پرگاندھی گنج پولس انسپکٹر ہنمتھ ریڈی ، ٹریفک پولیس انسپکٹر وجے کمار ، پی ایس آئی سریش ، سنجو کمار، ستیش، اویناش، سدھاریڈی و دیگر موجود تھے۔