کرناٹک: بزرگان دین کے آستانے ہمیشہ امن، بھائی چارہ اور قومی یکجہتی کا مرکز رہے ہیں، ان آستانوں پر مختلف ریاستوں سے عقیدت مند آکر فیض پاتے ہیں مگر ان بزرگان دین کے آستانوں میں آج بھی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔
ریاست کرناٹک ضلع یادگیر کے تعلقہ شاہ پور میں واقع ایک ایسا ہی مشہور و معروف آستانہ حضرت سید شاہ نور الدین قادری المعروف اعظم بیگ رحمۃ اللہ علیہ کا ہے جہاں آج بھی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔
اس کو دیکھتے ہوئے سجادہ نشین و متولی حضرت سید شاہ قادر بادشاہ قادری نے آستانے میں زائرین کی نماز کے لئے ایک مسجد بنانے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔
اس تعلق سے سجادہ نشین نے بتایا کہ حضرت سید شاہ نور الدین قادری کے آستانے پر ہزاروں زائرین آتے ہیں مگر ان کو نماز پڑھنے کے لئے کوئی سہولت نہیں ہے۔ اس لئے ہم نے آستانے کے اطراف میں ایک مسجد بنانے کا عہد کیا ہے اور مسجد کے اندرونی حصے میں ایک مدرسہ بھی بنانے کا ارادہ ہے جہاں پر دینی تعلیم و تربیت کا نظم ہوسکے۔
سجادہ نشین نے اہل خیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے اس قدیم آستانے میں آنے والے زائرین کی نماز کے خاطر اس مسجد کو بنانے میں تعاون کریں۔