ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں 'جمعہ مسجد ٹرسٹ بورڈ' کے چیئرمین ایس ایس اے قادر نے 'زکوٰۃ اور قابل زکوٰۃ املاک' مسائل اور ان کے آسان حل کے عنوان پر ایک اہم تصنیف مرتب کی ہے۔
انہوں نے یہ کتاب اس غرض کے ساتھ تصنیف کی ہے تاکہ ملت میں زکوٰۃ کے متعلق مغالطوں کو دور کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ بنگلور کے چامراج پیٹ حلقہ کے رکن اسمبلی ضمیر احمد خان کے ہاتھوں اس کتاب کا اجراء عمل میں آیا۔
اپنی تصنیف کے متعلق بات کرتے ہوئے ایس ایس اے قادر نے کہا کہ یہ کتاب زکوٰۃ کے متعلق کئی مغالطوں کا ازالہ کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس تصنیف کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں زکوٰۃ کے متعلق سوال جواب ہیں اور کئی کیسز کی سٹڈیز موجود ہیں۔
اس موقع پر کرناٹک اقلیتی کمیشن کے چیئرمین عبد العظیم نے کہا کہ اسلام کے ستونوں میں زکوۃ ایک بڑا جز ہے جس کے ذریعے ہم ملت کے غریبوں کی امداد کر کے انہیں معاشرے میں مالی اعتبار سے برابر کھڑا کرسکتے ییں۔
اس تصنیف کے متعلق جمعہ مسجد ٹرسٹ بورڈ کے سیکرٹری عثمان شریف نے کہا کہ کتاب کی ترتیب کے لیے مذکورہ مصنف نے تمام مسلکوں کے علماء کرام سے مشورہ کیا ہے تب جا کر اس کتاب کو حتمی شکل دی ہے۔