ریاست کرناٹک کے گلبرگہ میں کسان تنطیم اور مزدور یونین کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ ضلع کمشنر آفس کے سامنے زرعی قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
اس موقع پر کسان تنطیم کے صدر مولا ملاں نے کہا کہ ملک میں بی جے پی کی مرکزی حکومت کسان مخالف اور مزدور مخالف پالیسیوں کو جاری کر کے عوام کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت ملک کی عوام کی ترقی کے بجائے کارپوریٹ کمپنیوں کے لئے کام کررہی ہے۔ ملک میں گزشتہ کئی مہینوں سے کسان زرعی قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کر تے ہوئے احتجاج کررہے ہیں لیکن مرکزی حکومت کسانوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسان کی محنت سے ہی عوام کو اناج ملتا ہے لیکن مرکزی حکومت کسانوں کی ترقی کے لئے قانون بنانے کے بجائے کسانوں کو پریشان کر نے کا قانون بنا رہی ہے۔ ملک میں جب سے بی جے پی حکومت آئی ہے، مہنگائی آسمان چھوتی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سڑک حادثے میں بھائی بہن کی موت، 5 زخمی
کسان تنطیم کے صدر نے کہاکہ مرکزی حکومت عوام کو گمراہ کر نے کے لئے مسجد مندر کے نام پر بانٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مودی نے اس ملک میں اچھے دن کی بات کی تھی لیکن آج ملک کا ہر طبقہ پریشان حال ہے۔ ملک کی ترقی اور حفاظت کے لئے کسان مزدور اتحاد کے ساتھ اپنی آواز کو بلند کر رہے ہیں۔