بیدر: کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے کارگزار صدر ایشور کھنڈرے نے کانگریس کی ضلع خواتین یونٹ کی صدر پوجا جارج کو بھالکی میں تقرری نامہ دیتے ہوئے ضلع یونٹ کے صدر بننے پر مبارکباد پیش کی۔ پوجا جارج نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیدر ضلعی یونٹ کے لیے کانگریس پارٹی نے مجھے جو ذمہ داری دی ہے اس کے لیے میں کانگریس پارٹی کی ریاستی خواتین یونٹ کی صدر ڈاکٹر پشپا امرناتھ، کانگریس ریاستی پارٹی کے ورکنگ صدر ایشور کھنڈرے کے علاوہ ضلع بیدر اور ریاست کرناٹک کے تمام سینیئر قائدین کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
پوجا نے مزید کہا کہ پارٹی کے ذمہ داران نے جس امید اور توقع پر مجھے یہ ذمہ داری دی ہے اس پر سو فیصد اترنے کی کوشش کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ مرد کے برابر عورت ہر شعبہ میں حصہ دار ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ اپنے آپ میں خود اعتمادی پیدا کرتے ہوئے سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ پوجا نے کہا کہ ضلع یونٹ پوسٹ کے لیے میں نے درخواست دی تھی لیکن مجھے بھروسا نہیں تھا کہ ضلع صدر کے طور پر میرا انتخاب ہوگا۔ بنا کسی سفارش کے میرے نام کا انتخاب عمل میں آیا ہے، جس کے لیے میں پارٹی کے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ یقیناً کانگریس پارٹی نے مجھے اور میری کارکردگی کو ذہن میں رکھ کر یہ پوسٹ دیا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:
بیدر ضلع کانگریس یونٹ کی صدر پوجا جارج نے ضلع بیدر کی خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اپنا ایریا اپنا گاؤں اور اپنے وطن کے لیے خدمت کرنا چاہتی ہیں تو کانگریس پارٹی میں شامل ہو جائیں کیونکہ کانگریس پارٹی میں سچے، اچھے اور حقیقی طور پر پارٹی کے لیے کام کرنے والوں کی قدر ہے۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے دیگر کارکن بھی موجود تھے۔