کرناٹک کے کوپل شہر میں سانس لینے میں شدید دشواری کے سبب فوت ہونے والے شخص کی آخری رسومات میں اس کا کوئی بھی رشتہ دار نہیں آیا۔ اس لیے مسلم نوجوانوں نے آخری رسومات ادا کیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وکاس نگر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی سانس لینے میں شدید دشواری سے موت ہوگئی۔ مرنے والے کا بیٹا کووڈ متاثرہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ دیگر رشتہ داروں نے اس وجہ سے آخری رسوم میں حصہ لینے سے گریز کیا کہ کہیں یہ شخص کورونا وائرس کی وجہ سے نہ ہلاک ہوا ہو۔ چنانچہ آخری رسوم مسلم تنظیم 'ہیومینیٹرین ریلیف سوسائٹی' کے ممبران نے انجام دی۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے مقامی صدر سید ہدایت علی، ٹیم لیڈر محمد خلیل، اصغر خان، غوث پٹیل، ساجد حسین، رحمت حسین اور محمود اکھیل موجود تھے۔
اس دوران یہ الزام بھی لگایا گیا کہ ایک نجی ایمبولینس نے لاش کو قبرستان منتقل کرنے کے لیے متوفی کے اہلخانہ سے زیادہ رقم وصول کی ہے۔