11 نومبر کو ملک کے پہلے وزیر تعلیم مفکر اسلام مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کو یوم تعلیم کے طور پر منایا جاتا ہے۔
مولانا شفیق احمد خطیب و امام مسجد آثار شریف یادگیر نے یوم تعلیم کے موقع پر علم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرمﷺنے فرمایا کہ علم کا حاصل کرنا ہر مرد اور عورت پر فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیارے نبیﷺنے علم حاصل کرنے کے لئے کہا ہے اس میں دینی علم یا دنیاوی علم کا ذکر نہیں ہے ۔علم دنیاوی بھی ہو سکتا ہے دینی علم بھی ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مولانا ابوالکلام آزاد کا 133 واں یوم پیدائش: کانگریس نے انہیں فراموش کردیا
دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کی زندگی سنوارنے کے لیے اللہ اور اس کے رسول کے احکامات پر عمل کرنے کے لئے علم دین کا حاصل کرنا فرض قرار دیا گیا ہے۔
مولانا نے کہا کہ علم کے ساتھ ساتھ اگر عمل بھی ہو تو دنیا اور آخرت سنور جاتی ہے۔ اسی لیے ہمیں چاہیے کہ ہم اللہ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی گزاریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیاوی علم میں اتنے مصروف نہ ہوجانا کہ تمہیں علم دین حاصل کرنے کا موقع اور وقت ناملے مولانا شفیق نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو دنیاوی علم کے ساتھ ساتھ علم دین بھی سکھائیں تاکہ ان کی آخرت بھی سنور جائے۔