کرناٹک میں گزشتہ چھ روز سے مسلسل پانچ ہزار سے زائد معاملے درج کیے جارہے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 5483 ریکارڈ معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر سوالاکھ کے قریب پہنچ گئی اور کورونا وائرس سے مزید 84 افراد کی موت کے ساتھ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2300 سے زیادہ ہوگئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کرناٹک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 124115 اوراموات کی2314 ہوگئی ہے۔
اس مدت میں 3094 مریضوں کے شفایاب ہونے سے ان کی تعداد بڑھ کر 49788 ہوگئی ہے۔ریاست میں فی الحال 72005 سرگرم معاملے ہیں جو جمعرات کو 69699 تھے۔سبھی مریض مختلف اسپتالز میں زیرعلاج ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا انفکشن سے سنگین طور پر متاثر کرناٹک ہفتہ تک ملک بھر میں چوتھے مقام پر تھا لیکن اتوار کو سات ہزار سے زیادہ معاملوں کے ساتھ تمل ناڈو نے اسے پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔اب ایک لاکھ سے زائد معاملوں کے ساتھ کرناٹک دہلی کے بعد پانچویں نمبر پر ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یہ مسلسل آٹھواں دن ہے جب ہر روز کورونا سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد تیس ہزار سے زائد ہے۔ وزارت کے مطابق دہلی میں صحت یابی کی شرح سب سے زیادہ ہے اور کرناٹک سب سے نچلے پائیدان پر ہے۔ دہلی میں شفایابی کی شرح 89.08 فیصد اور کرناٹک میں39.36 فیصد ہے۔
وزارت کے ذریعہ جاری اعداد وشمار کے مطابق فی الحال انفیکشن کے 5,45,318 سرگرم معاملے ہیں اور اب تک 10,57,805 افراد اس وائرس سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں انفیکشن کے 55,078 نئے معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
- مزید پڑھیں: بھارت: کورونا سے صحت یابی کی شرح میں اضافہ
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ، مہاراشٹرا میں 8،860 ، تمل ناڈو میں 5،295 ، آندھرا پردیش میں 4،618 ، کرناٹک میں 3،793 ، آسام میں 1،248 ، دہلی میں 1،091 ،بہار میں 1،030 ، اترپردیش میں 996 ، گجرات میں 879 ، تلنگانہ میں 821 اور اڈیشہ کورونا میں 807 کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں۔