بیدر: برسر اقتدار بی جے پی کی بومئ حکومت نے مسلمانوں کو دیے جانے والے چار فیصد ریزرویشن کے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی حکومت کے اس اعلان کے بعد ہی مسلمانوں میں عجیب سی بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔ بی جے پی کی نگرانی والی حکومت نے حجاب ہلال، اذان جیسے حساس معاملات کو اٹھا کر ایک مخصوص فرقے کو نشانہ بنانے کا کام کیا ہے۔
بیدر میں خدمت فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید منصور احمد قادری نے کہا کہ 'انتخابات سے قبل بی جے پی کی قیادت والی ریاستی حکومت نے مسلمانوں کو روزگار اور تعلیم میں دیے جانے والے چار فیصد ریزرویشن کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ چار فیصد دو دیگر طبقات کو دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ بی جے پی کی حکومت کے اس اعلان کے ساتھ ہی مسلمانوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔'
یہ بھی پڑھیں:journalist Shiv Sharanpa Vali: کرناٹک کے سینئر صحافی شیوشرنپا والی سے خصوصی بات چیت
سید منصور احمد قادری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مسلمانوں کو دیے جانے والے چار فیصد ریزرویشن کو ختم کرنے کا اعلان کر کے یہ دکھا دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ کتنا ہمدردی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت کا نعرہ سب کا ساتھ سب کا وکاس ایک کھوکھلا نعرہ ہے۔ بی جے پی حکومت کے کہنے اور کرنے میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ مسلمانوں نے کبھی کسی فرقے کو ریزرویشن دینے کے خلاف آواز نہیں اٹھائی باوجود اس کے مسلمانوں کو دیے جانے والا صرف چار فیصد ریزرویشن کو بھی ختم کر دیا گیا۔