بیدر: کرناٹک کے سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست نے اپنے دورہ تعلقہ ہمنا آباد ضلع بیدر کے موقع پر کرناٹک میں فرقہ وارانہ صورتحال پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں حالات بہت ہی تشویشناک ہیں۔ پہلے حجاب، حلال، لاؤڈسپیکر، مسلم تاجروں کا بائیکاٹ جیسے فرقہ وارانہ اشتعال انگیز موضوعات پر اشتعال انگیزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کے مسلم اراکین اسمبلی اس اشتعال انگیزی کے خلاف اپنی آواز بلند نہیں کر رہے ہیں۔ ریاست کے مسلم اراکین اسمبلی نہ ہی اسمبلی کے اندر اور نہ ہی اسمبلی کے باہر اس اشتعال انگیزی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ Azizullah Sarmast on Muslim Leaders
کانگریس جو اپنے آپ کو سیکولر پارٹی کہتی ہے، وہ بھی ریاست کے موجودہ حالات پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اس پر ستم یہ ہے کہ سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ساتھ غیر سیاسی تنظیمیں اور علمائے کرام بھی ریاست میں مسلمانوں پر ہورہے ظلم پر خاموش ہیں۔ عزیز اللہ سرمست نے مزید کہا کہ ریاست میں جمہوریت دم توڑتی نظر آرہی ہے۔ کرناٹک کے سیکولر ذہن رکھنے والے احباب کو چاہیے کہ وہ ریاست میں امن اور شانتی کے لئے اپنی رائے عوام اور حکومت کے سامنے رکھیں۔