کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے گزشتہ روز اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم آج رات ایک نجی ہوٹل میں پارٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں بی جے پی ارکان اسمبلی کی جانب سے نئے قائد کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ آج نئی دہلی میں بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں یہ اعلان کیا گیا کہ رات میں منعقدہ اجلاس میں نئے چیف منسٹر کا انتخاب کیا جائے گا۔
بی جے پی قیادت کرناٹک میں پُرامن طریقہ سے اقتدار کی منتقلی کے لیے کوشاں ہے۔ پارٹی ایسے رہنما کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی ہے جو 2023 میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو جیت دلا سکے۔ اقتدار کی آسانی کے ساتھ منتقلی اور حالات پر نظر رکھنے کے لیے پارٹی قیادت کی جانب سے مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان کو کرناٹک روانہ کیا جارہا ہے۔