بھارتی ریاست کرناٹک کے سماجی فلاح و بہبود کے وزیر پرینک کھڑگے نے آئی اے ایف کے فضائی حملے پر سوال اٹھائے ہیں۔
پرینک کھڑگے نے سنیچر کے روز دعویٰ کیا کہ پاکستان میں بھارتی ایئر فورس کی جانب سے کی گئی کارروائی نے عوام کے درمیان کسی سازش کا شک پیدا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے درمیان شک پیدا کرتا ہے کہ کہیں کوئی سازش ہوئی ہے۔
کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی کے من میں جو کچھ بھی ہے، وہ کھل کر سامنے آ گیا ہے اور انہوں نے صاف کر دیا ہے کہ وہ کس حد تک جا سکتے ہیں۔
جب پرینک کھڑگے سے پوچھا گیا کہ سازش سے ان کا کیا مطلب ہے تو انہوں نے کہا سچ سامنے آنے کے لیے دو تین دن کا انتظار کیجیے۔
کرناٹک بی جے پی کے ترجمان ایس پرکاش نے کھڑگے کے بیان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا 'سب سے پہلے کھڑگے اپنی وزارت کو نہیں چلا پا رہے ہیں، اس لیے بین الاقوامی معاملے پر وہ بول پائیں یہ بہت بڑی بات ہے'۔