ریاست کرناٹک کے گلبرگہ شہر میں خواجہ بندہ نواز ایوان اردو انجمن ترقی اردو ہال میں ملک کے موجودہ حالات اور مسلمانوں کی حکمت عملی پر یک روزہ سمینار منعقد کیا گیا۔
اس موقع ضیا الدین نیر (صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت حیدر آباد) نے سمینار کا افتتاح کیا۔ عبدالجبار گولہ ایڈووکیٹ (صدر مجلس تعمیر ملت ضلع گلبرگہ) نے صدارت کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے کینز فاطمہ (رکن اسمبلی گلبرگہ شمال)، سینیئر قانون داں سعادت حسن استاد ایڈووکیٹ، امجد جاوید صدر انجمن ترقی اردو ہند نے شرکت کی۔
اس سیمینار میں ایڈووکیٹ سعادت حسن نے موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا جائز لیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بی جے پی کی نہیں آر ایس ایس کی حکومت ہے۔ مرکز کی مودی حکومت غیر دستوری قوانین لارہی ہے۔ مودی حکومت دستور کے مطابق نہیں آر ایس ایس کے اشاروں پر چل رہی ہے۔ ملک میں جمہوری حکومت اس وقت کارگر ہوسکتی ہے جب لیجسلچر، ایگزیکٹیو اور جوڈیشری دستور کے مطابق چلیں لیکن موجودہ حالات میں ان تینوں کی کارکردگی خلاف دستور ہے۔ عدالتوں سے دستور مخالف قانون سازی کے فیصلے سامنے آر ہے ہیں۔ بابری مسجد کیس میں جو فیصلہ دیا گیا اس سے ساری دنیا میں بھارت کے عدالتی نظام کی بڑی بدنامی ہوئی ہے۔
اس موقع پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید اکبر (صدر، شعبہ اردو خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی) نے اعلامہ اقبال کا نظریہ مومن، سینیئر صحافی عزیز اللہ سرمست نے ٹیپو سلطان کا جذبہ حریت، ڈاکٹر رخسانہ سلطانہ (اسٹنٹ، پروفیسر بی بی رضا کالج) نے بھارتی مسلمانوں کے لیے مولانا آزاد کی فکر کے زیر عنوان پر مقالات پڑھے۔