حضرت ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسروحسینی سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ نے درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒکے اطراف واکناف کی رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی اور درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے باب الداخلہ کے روبرو واقع ڈرینج جنکشن کے باربار بھرجانے اورلیکیج ہونے کے مسئلہ پر راستہ روکو احتجاج کرنے اوردھرنا دینے کاانتباہ دیا ہے۔
وہ آج درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے میٹنگ ہال میں منعقدہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے 615ویں عرس شریف کے انتظامات کے سلسلہ میں منعقدہ عرس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔
گلبرگہ سٹی کارپوریشن،محکمہ ڈرینج، محکمہ تعمیرات عامہ پی ڈبلیو ڈی عہدیداران کی عدم کارکردگی،فرائض کی ادائیگی میں کھلی غفلت ولاپرواہی اورعوام کی تکالیف پر مکمل بے حسی کے خلاف مولانا خسروحسینی نے شدید ناراضگی اوربرہمی کااظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ عہدیداران کی غفلت وتساہلی کیخلاف سڑک پر شامیانہ نصب کرکے راستہ روکو احتجاج اوردھرنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ 22جون کوگلبرگہ کے دورہ پر آرہے۔
وزیراعلی ایچ ڈی کمارسوامی سے تمام غیرکارکرد اورلاپرواہ عہدیداران کی شکایت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کے باب الداخلہ کے روبرو واقع ڈرینج جنکشن کو کشادہ کرنے کامسئلہ پچھلے 3سالوں سے زیرالتواء ہے اورہر سال عرس کی میٹنگ میں اس مسئلہ کی یکسوئی کاصرف وعدہ کیاجاتاہے۔
درگاہ شریف آنے والی تمام رابطہ سڑکیں نہایت خستہ حال اورگڑھوں سے بھری ہوئی ہیں لیکن ان کی درستگی ومرمت پرتوجہہ دینے کے لئے عہدیداران تیارنہیں ہیں۔
گلبرگہ سٹی کارپوریشن کے عہدیداران ان سڑکوں کی مرمت کی ذمہ داری پی ڈبلیو ڈی پرڈالتے ہیں توپی ڈبلیوڈی کے عہدیداران گلبرگہ سٹی کارپوریشن پر۔
انہوں نے عہدیداران سے استفسار کیاکہ آخر کب تک ٹال مٹول سے کام لیاجائے گا؟ مسائل کوحل کرنے اورترقیاتی کاموں کوانجام دینے میں کی جانے والی غیرضروری بلکہ بلاوجہہ تاخیر کے لئے ٹنڈر طلب کرنے، پروسیجر اورکوڈ آف کنڈیکٹ کے بہانے پیش کئے جاتے ہیں۔
ہرسال عرس کی میٹنگ میں عہدیداران اپنی غفلت ولاپرواہی کوقبول کرنے کے بجائے ٹنڈر، پروسیجر اورکوڈ آف کنڈیکٹ کے بہانے پیش کرتے ہوئے صاف بچ نکلنے اورفرائض وذمہ داریوں سے فرار اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اجلاس میں گلبرگہ سٹی کارپوریشن کے اے ای ای سدگنڈاکی جانب سے درگاہ شریف کی رابطہ سڑکوں کے گڈھے بھرتی کروانے کے لئے ٹنڈرطلب کئے جانے کی وضاحت پر مولانا خسروحسینی نے شدید ناراضگی کااظہار کیا اور ان سے استفسار کیاکہ کیا انہوں نے ان سڑکوں کاکبھی معائنہ کیا ہے؟خواجہ پارک میں نصب ہائی ماسٹ کے ایک سال سے غیرکارکرد رہنے کا انکشاف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کوئی چیز استعمال میں نہ ہوتو اسے رکھنے کاکیافائدہ، انہوں نے محمد ریاض الدین اے ای ای الکٹریکل گلبرگہ سٹی کارپوریشن سے کہاکہ وہ ہائی ماسٹ اٹھاکر واپس لے جائیں۔
دلچسپ امریہ ہے کہ اجلاس میں بتایاگیا کہ خواجہ بازار کے ہائی ماسٹ کی فائل ایک سال سے سرد بستہ میں پڑی ہوئی ہے۔
اس مرحلہ پر مولاناخسروحسینی نے کہا کہ کہ سال گذشتہ عرس شریف میں جلوس صندل مبارک کی روانگی کے لئے محبوب گلشن میں نصب کئے گئے واٹر پروف شامیانہ کابل بھی گلبرگہ سٹی کارپوریشن کی جانب سے تاحال ادانہیں کیاگیا۔
اس کی وضاحت میں بھی فائل کے زیرالتواء ہونے کاعذر پیش کیاگیا۔مجموعی طورپر مولاناخسروحسینی نے سرکاری عہدیداران کی ناقص کارکردگی پر اجلاس میں شریک ایم ایل اے گلبرگہ محترمہ کنیزفاطمہ سے عدم اطمینان کااظہارکیا۔
مولاناسید شاہ علی الحسینی جانشین سجادہ نشین نے محبوب گلشن میں جلو س صندل کی روانگی کے لئے مختص احاطہ میں ہر سال واٹر پروف شامیانہ نصب کرنے کے بجائے واٹر پروف شیڈ تعمیر کرنے کا مشورہ دیا۔
محترمہ کنیزفاطمہ رکن اسمبلی گلبرگہ شمال نے گلبرگہ سٹی کارپوریشن،پی ڈبلیو ڈی،ڈرینج وآبرسانی محکمہ جات کے عہدیداران کوسختی کے ساتھ پابند کیا کہ وہ درگاہ شریف کے اطراف واکناف سڑکوں،ڈرینج اور اسٹریٹ لائٹس کے بہتر انتظامات کریں اور کسی بھی قسم کے تساہل سے کام نہ لیں۔
محترمہ کنیزفاطمہ نے جواہر ہند اسکول سے کے بی این گرلس ہاسٹل تک اور تپنا حکیم کے مکان سے رنگ روڈ تک سڑکوں کوکشادہ کرنے، محبوب گلشن میں جلوس صندل حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کی روانگی کے لئے مختص احاطہ میں اپنے فنڈ سے واٹرپروف شیڈ تعمیر کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
اجلاس کی کارروائی کاآغاز مولانا سید عبدالرشید صدرمدرس دارالعلوم دینیہ بندہ نوازیہ کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ مولوی محمد مشائخ معتمد درگاہ شریف نے خیرمقدم کیا اور 614 ویں عرس شریف حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کی رپورٹ پیش کی۔
مولانا سید عبدالرشید نے سال گزشتہ کے عرس شریف کے مجالس وعظ،احمد علی نے والینٹرس اورڈاکٹر محمد علی آرایم او کے بی این اسپتال،نے میڈیکل انتظامات،محمد اسماعیل کاریگر،عبدالستار پلاں، اویس کاریگر،شیخ یونس علی نے جلوس صندل کی محبوب گلشن سے روانگی اوردرگاہ شریف تک پہنچنے کے انتظامات کی رپورٹیں پیش کیں۔
اجلاس میں حافظ سید محمد علی الحسینی جانشین حضرت سجادہ نشین مولاناسیدشاہ حسن شبیر حسینی عقیل بابا سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ گنج بخشؒ،ڈاکٹر سید شاہ مصطفی الحسینی خلف اصغر حضرت سجادہ نشین، حضرت سید شاہ تقی اللہ حسینی برادر سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ،حضرت سید شاہ باقرشبیر حسینی ندیم بابا برادر سجادہ نشین بارگاہ حضرت گنج بخش ؒ،علی ذکی حسینی اویس بابا، میر کمال الدین علی خان سیکریٹری جنرل،فراز الاسلام،الحاج الیاس سیٹھ باغبان سابق چیرمین این ای کے آر ٹی سی، سید احمد،شرن کمارمودی،سابق میئرس،عادل سلیمان سیٹھ،سینئر صحافی عزیزاللہ سرمست، سینئر صحافی ڈاکٹرماجد داغی، ایم اے حبیب معظم انجینئر،محمد فاروق شہباز الکٹریکلس، محمد مسیح الدین جاگیردار متولی مقبرہ مسجد،خسروجاگیردار سابق کارپوریٹر کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداران نے شرکت کی۔
ایم واجد نائب معتمد درگاہ شریف نے آخر میں شکریہ اداکیا۔