ای ٹی وی بھارت کے خاص پروگرام ایک ملاقات میں نائب صدر سوشل ڈیموکرٹک پارٹی آف انڈیا کرناٹک سیدہ سعدیہ بیگم نے تفصیل سے گفتگو کی۔ SDPI Female Leader on Women's Rights
انھوں نےکہا کہ سوشل ڈیموکرٹک پارٹی آف انڈیا ایک ایسی پارٹی ہے جو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والی عوامی پارٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہماری پارٹی صرف مسلمانوں کے مسائل یا مسلمانوں کے خلاف ہونے والے ظلم کے خلاف آواز نہیں اٹھاتی بلکہ ہماری پارٹی میں تمام مذاہب کے ماننے والے موجود ہیں اور اس حوالے سے ہم تمام لوگوں پر ہو رہے ظلم کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھاتے ہیں۔'
حجاب کے سوال پر انہوں نے کہا کہ حجاب کے معاملہ کو غیرضروری ہوا دی جا رہی ہے۔ حجاب بھارتی خواتین کا جمہوری حق ہے۔سیاسی اقتدار کی خاطر اس طرح کے معاملات اٹھا کر سماج میں نفرت اور زہر گھولنے کا کام کیا جا رہا ہے۔
'اگر صرف مسلمانوں کی بات کی جائے تو مسلمانوں میں تعلیمی سیاسی معاشی طور پر کمزور کرنے کے لیے اس طرح کی حرکتیں کی جا رہی ہیں جو ہمارے آئین کے خلاف ہے اور انسانیت کے بھی خلاف ہے۔'
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ہر شعبہ میں خواتین اپنی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'عورت کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے۔ جہاں تک اسلام میں عورت کے مقام کی بات ہے تو اس سے بڑھ کر اور کیا ہوگا کہ ماں کے قدموں تلے جنت قرار دی گئی ہے۔ اگر عورت کا تقدس آج پامال ہو رہا ہے تو اس کی وجہ غلط سوچ اور منصوبہ بند سازشیں ہیں جس کی وجہ سے آج عورت مجبور اور بے بس نظر آتی ہے۔'