بنگلور:ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور کے قدیم اور معروف اداروں میں سے ایک دانش ایجوکیشن ٹرسٹ جو گزشتہ 17 سالوں سے غریب و مستحق طلبا کو ان کے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے اسکالر شپ دیتا آرہا ہے ،اپنی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں برس بھی ادارہ کی جانب سے مجموعی طورپر 1.285 کروڑ کی اسکالر شپ کی رقم مستحق طلبا کے درمیان تقسیم کئے۔اسکالر شپ کی یہ رقم اُن طلبا و طالبات کے درمیان تقسیم کئے گئے جو اعلی تعلیمی کورسز جیسے میڈیکل،انجینیئرنگ اور صحافتی جیسے کورسیز میں زیر تعلیم ہیں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ادارے کی صدر حسنی شریف نے بتایا کہ قو م وملت کے نو نہال کسی بھی اعتبار سے کم نہیں ہیں، ان کی صلاحیتیں قابل رشک ہیں اور محنت و مشقت میں بھی یہ دیگر قوموں کے طلبا سے اگے رہتے ہیں۔ جب ہمارے طلبا ایسے صفات سے متصف ہیں تو وہ صرف چند ہزار روپیوں کے لئے وہ تعلیمی میدان میں پیچھے کیوں رہیں؟ لہذا اسی لئے دانش ایجو کیشن ٹرسٹ ایسے طلباء کی امداد کر رہا ہے کہ وہ تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں، خود مختار بنیں اور دیگر کے لئے سہارا بنیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دانش ایجوکیشنل ٹرسٹ نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے بہت زیادہ رقم کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے.انہوں نے کہا کہ 3500+ دانش اسکالرز پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اور آج اپنے پیشے کے ذریعے دیگر ضرورتمندوں کی امداد کر رہے ہیں۔
بنگلور ک ڈائمنڈ ڈسٹرکٹ کلب ہاؤس میں میڈیسن ایم بی بی ایس، بی یو ایم ایس، بی اے ایم ایس بی ایچ ایم ایس، انجینئرنگ، لاء، جرنلزم، بی ایڈ، ویٹرنری سائنسز، ایگریکلچرل سائنسز، فارمیسی، نرسنگ، فزیوتھراپی وغیرہ جیسے کورسز کی تعلیم حاصل کرنے والے پیشہ ور افراد کے درمیان چیک تقسیم کئے گئے۔
اس موقع پر ماہر تعلیم و دانش ایجوکیشن ٹرسٹ کے معاون امین مدثر نے کہا کہ مجموعی طور پر 503 طالب علموں کو منتخب کیا گیا جنہوں نے مجموعی طور پر 1,20,85000 (ایک کروڑ 20 لاکھ 85 ہزار روپے) اسکالرشپ حاصل کیے. 2006 میں اس ٹرسٹ کا آغاز کرنے والی حسنی شریف حنا احمد، ڈاکٹر نبیل احمد ایم ایس سرجری اس موقع پر موجود تھے۔