ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں رواں ماہ 29 کو کرناٹک قانون ساز کونسل کے انتخابات ہونے ہیں، جس میں کل سات نمائندے منتخب کیے جانے ہیں، تاہم ساتھ ہی کونسل کے تین مسلم اراکین سبکدوش بھی ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ کانگریس نے ان انتخابات میں دو امیدوار، نصیر احمد اور بی کے ہری پرساد کو میدان میں اتارا ہے۔
کونسل کے انتخابات میں کانگریس کی جانب سے صرف ایک مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیے جانے پر شہر کے معروف سماجی کارکن و تاجر ڈاکٹر بومانہ ہلی بابو نے کانگریس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی صدر سونیا گاندھی سمیت کانگریس کے تمام قومی و ریاستی رہنماؤں کو مکتوب لکھ کر اپنا احتجاج درج کیا۔
ایسا کہا جارہا ہے کہ کرناٹک قانون ساز کونسل کے انتخابات میں دونوں سیٹز مسلمانوں کو دی جانی چاہیے تھی۔
بومانہ ہلی بابو نے کہا کہ ریاستی کانگریس مسلمانوں کے 80 سے زائد فیصد ووٹ لیتی ہے مگر انہیں ان کے حقوق سے محروم رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس موضوع کے متعلق قانون ساز کونسل کے واحد مسلم امیدوار اور ایم ایل سی نصیر احمد نے بتایا کہ متعدد کانگریس کے رہنماؤں کا بھی یہی موقف رہا جس پر بومانہ ہلہ بابو احتجاج کر رہے ہیں۔