ریاست کرناٹک میں کیفے کافی ڈے کے مالک سدھارتھ کی لاش نیتراوتی ندی سے برآمد ہوئی ہے، وہ گذشتہ دن منگلور میں نیترواتی ندی کے پاس سے لاپتہ ہوگئے تھے اور ان کی شدت سے تلاش کی جارہی تھی۔
منگلورو کے پولیس کمشنر سندیپ پاٹل نے کہا کہ وی جی سدھارتھ بنگلور سے یہ کہہ کر نکلے تھے کہ وہ سکلیش پور جارہے ہیں، لیکن راستے میں ڈرائیور سے منگلور جانے کے لیے کہا۔
نیترواتی ندی کے پاس پہنچ کر سدھارتھ گاڑی سے اترے اور اپنے ڈرائیور کو جانے کے لیے کہا۔
سدھارتھ کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیو گوڑا نے سابق مرکزی وزیر ایس ایم کرشنا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اس کے علاوہ کرناٹک کے وزیراعلی بی ایس یدورپا اور سابق وزیراعلی ایچ ڈی کمار سوامی اور کانگریس رہنما ڈی کے شیو کمار کے ساتھ کئی دیگر رہنما بھی ایس ایم کرشنا سے ملاقات کی ۔
کیفے کافی ڈے کے گم شدہ مالک وی جی سدھارتھ کا ملازمین اور بورڈ آف ڈائریکٹر کے نام لکھا ایک خط منظرعام آیا تھا۔
خط میں سدھارتھ نے لکھا تھا کہ ہر مالی لین دین کی ذمہ داری میری ہے، قانون کو مجھے اور صرف مجھے اس کا ذمہ دار سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے خط میں اپنی مالی حالت اور کاروبار میں ناکامیاب ہونے کے بارے میں بھی لکھا تھا۔
سدھارتھ نے خط میں لکھا ہے کہ مجھے معاف کردیجیئے! ان سبھی لوگوں کو چھوڑنے کے لیے جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا تھا، میں ایک کاروباری شخصیت کے طور پر ناکام رہا ہوں، میں نے لمبے عرصے تک لڑائی لڑی، لیکن آج میں نے ہار مان لی کیونکہ میں اب مزید دباؤ برداشت نہیں کرسکتا ہوں۔
خط میں وی جی سدھارتھ نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ انکم ٹیکس کے سابق افسر نے انہیں پریشان کیا، لیکن خط میں انہوں نے افسر کا نام اور پہنچان کا ذکر نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ دسمبر سنہ 2017 میں سدھارتھ کے دفتر پر انکم ٹیکس کے افسروں نے چھاپہ مارا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے کمپنی کو ایک لکھے گئے خط میں کمپنی کے نقصان میں چلنے کی تفصیل دی تھی۔
واضح رہے کہ سدھارتھ پیر کی شام سے منگلور کے نیترواتی ندی کے پاس میں لاپتہ بتائے جارہے تھے۔