ریاست کرناٹک کے سالانہ بجٹ میں اقلیتی امور کے لئے اس بار کورونا کی وجہ سے 650 کروڑ مختص کیا گیا تھا لیکن کورونا کے کیسز میں کمی ہونے کی وجہ سے اسے بڑھا کر 1،500 کروڑ کیا گیا ہے۔
دراصل سال 2018-19 کے بجٹ میں محکمہ اقلیتی امور کے لئے 2 ہزار کروڑ مختص کیا گیا تھا، جسے سال 2019-20 میں کم کرتے ہوئے 1600 کڑور کر دیا گیا تھا لیکن اس بار کورونا کا حوالہ دیتے ہوئے محکمہ اقلیتی امور کے لئے محض 650 کروڑ کر دیا گیا، جسے بڑھا کر اب 1،500 کروڑ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں کرناٹک مائناریٹیز سنگھ کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں ایس ڈی پی آئی کے رہنما افسر کوڈلیپیٹ نے وزیر اعلیٰ یڈیورپا سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست بھر کی اقلیتوں کی بہبودی کے لئے 1،500 کروڑ ناکافی ہیں، کئی فلاحی اسکیمیں بند ہو چکی ہیں، لہذا محکمہ اقلیتی امور کے لئے 10،000 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا جائے۔
اس موقع پر کرناٹک مائناریٹیز سنگھ کے رکن سنتوش سنگھ نے کہا کہ ریاست کرناٹک میں مسلم، سکھ، پارسی، جین و مسیحی قوموں کی کل تعداد 17 فیصد سے زیادہ ہے، لہذا 1،500 کروڑ روپے کا بجٹ بلکل بھی ناکافی ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندرہ مودی کو مکتوب لکھا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں: ریاست کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا التزام ختم: حکومت
وہیں دوسری جانب بی جے پی رہنما و کرناٹک اقلیتی کمیشن کے چیئرمین عبد العظیم نے محکمہ اقلتی امور کو الاٹ کئے گئے 1500 کروڑ بجٹ کی تعریف کی ہے۔