بیدر : بھارت راشٹریہ سمیتی (بی آر ایس) کے لیڈر سید منصور احمد قادری بیدر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حق اور سچائی کا پرچم تھامنے والے لوگوں کو مختلف مسائل پیش آرہے ہیں مرکز میں برسراقتدار حکومت سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے حق کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر سید منصور احمد قادری نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بی جے پی کے یہ سارے ہتھکنڈے صرف اور صرف اقتدار میں رہنے اور آنے والے عام انتخابات 2024میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ،کرناٹک، مہاراشٹر، بہار، اتر پردیش ان ریاستوں کے علاوہ دہلی میں بھی مختلف پارٹیوں کے قائدین کو مرکزی ایجنسیوں کے تحت ہراساں کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حق کی آواز کو جتنا دبایا جائے گا اتنا ہی ابھرے گی ملک کی کئی ریاستوں میں مرکزی حکومت خصوصاً بی جے پی اور برسر اقتدار حکومت والی ریاستوں میں عوام میں بی جے پی کی پالیسیوں کو لے کر کافی ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس آر پارٹی ملک کی مختلف ریاستوں میں علاقائی پارٹیوں کو جوڑ کر ملک کی سلامتی اور یکجہتی کے لیے پہل کر رہی ہے۔ یہ خوش آئندہ بات ہے کہ بی ایس آر پارٹی کے اس اقدام کی ریاست کے مختلف علاقائی پارٹیوں کے ذمہ داران استقبال کرتے ہوئے ایک جگہ جمع ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سید منصور احمد قادری نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرے گی کیونکہ ملک کی عوام مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال، ہندو اور مسلمانوں کے پیچھے نفرت کا زہر گھولنے، علاقائی پارٹیوں کے عہدیداران کو ڈرانے، اقتدار کی خاطر کسی بھی حد تک جانے کی مفاد پرست پالیسیوں کے خلاف ہیں۔ ملک کا نوجوان روزگار کو لے کر کافی فکر مند ہے لیکن ملک میں برسراقتدار مرکزی حکومت اور ریاست کرناٹک میں موجودہ حکومت نوجوانوں کو مذہب کی آڑ میں گمراہ کرنے کا کام کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : Khidmat Foundation کرناٹک میں چار فیصد مسلم ریزرویشن ختم کیے جانے کی مخالفت