ریاست کرناٹک کے ضلع گلبرگہ میں 3 سالہ بچی کی لاک اپ میں موت ہوگئی۔
اطلاع کے مطابق تصادم کے ایک معاملے میں بچی کے والدین کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا تھا، ان کے ساتھ بچی بھی جیل میں ہی تھی، جہاں اس کی طبیعت خراب ہوگئی، جیل میں صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے بچی کو گلبرگہ انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنس (جی آئی ایم ایس) میں داخل کرایا گیا، جہاں ہفتہ کی صبح بچی نے آخری سانس لی۔
بچی کی موت کے بعد انصاف کے لیے سینکڑوں افراد نے احتجاج کر اس معاملے پر تحقیقات کا مطالبہ کیا لیکن پولیس کی جانب سے اس معاملے کی منصفانہ تحقیقات کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے مظاہرہ ختم کیا۔
گلبرگہ کے ایس پی سمی مریم جارج نے بتایا کہ "ایک معاملے میں ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا تھا اور اسے اپنے بچی کے ساتھ جیورگی پولیس اسٹیشن میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ بچی بیمار ہوگئی تھی اور اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں اس کی موت واقع ہوگئی۔اس معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔"
اس معاملے میں جیورگی سے کانگریس کے رکن اسمبلی ڈاکٹر اجے سنگھ جو اپنی پارٹی کے ممبروں کے ساتھ احتجاج کررہے تھے، ان کا کہنا ہے کہ '30 دسمبر کو گرام پنچایت انتخابات کے نتائج کے دوران دو گروپوں کے مابین ایک تصادم شروع ہوگیا تھا، ہماری پارٹی کے لوگوں کو غیر ضمانتی وارنٹ کے تحت جیل میں ڈال دیا گیا'۔
کانگریس رکن اسمبلی نے کہا کہ 'پولیس نے بی جے پی کے لوگوں کو قابل ضمانت جرم میں رکھا اور انہیں اسٹیشن ہی میں ہی ضمانت مل گئی۔31 دسمبر کو پولیس نے خواتین اور بچی کو گرفتار کیا۔ ہفتے کے روز ایک تین سالہ بچی کی موت ہوگئی۔ میں پولیس کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا رہا ہوں، ہم اس معاملے میں انکوائری چاہتے ہیں'۔