کارگل: کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے دعوی کیا ہے کہ کانگریس پارٹی چار ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں جیت درج کر لے گی۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے کارگل میں نوجوانوں کے ایک وفد کے سوالوں کے جواب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہوئے کرناٹک، ہماچل پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا زوال ہوا ہے۔ اب جن چار ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان چتھیس گڑھ اور تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ان میں بھی بی جے پی کا ہی زوال ہوگا اور کانگریس پارٹی ان ریاستوں میں کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی محض ایک سیاسی پارٹی نہیں بلکہ ایک سوچ ہے جو بھارت کے کروڑوں لوگوں کے دلوں میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے فرق دیکھ لیا کہ بی جے پی نے کیسے ملک میں راج کیا اور کانگریس نے بھی کیسے ملک میں حکومت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مت سوچیں کہ کانگریس پارٹی بی جے پی سے ٹکر نہیں کر پاتی۔ میں گارنٹی کے ساتھ یہ بات کیہ رہا ہوں کہ کانگریس 2024 میں بی جے پی کو ہرا دے گی۔ عام طور پر جمہوریت میں ایک پارٹی دوسری پارٹی کے خلاف انتخابات میں مدمقابل ہوتی، لیکن آج بھارت میں ایسا نہیں ہوتا۔ بی جے پی نے آج بھارت کے تمام انسٹی ٹیوشنز پر قبضہ کیا ہے۔ بھارت میں اس وقت آزاد اور منصفانہ میڈیا موجود نہیں ہے۔ بی جے پی نے میڈیا کو اپنے قبضے میں کیا اور اس کے علاوہ بیوروکریسی پر قبضہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں:
- چینی فوجیوں نے لداخ میں بھارت کی زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، راہل گاندھی
- مشعال ملک کو عہدہ دینا پاکستان کا اندرونی معاملہ، ہمارا اس سے کیا لینا دینا، عمر عبداللہ
انہوں نے کہا کہ اگر 'لیول پلینگ فیلڈ' موجود ہوتا، اگر میڈیا منصفانہ طور پر کام کرتا ،اگر بی جے پی انسٹی ٹیوشنز پر قبضہ نہیں کرتی تو 2019 عام انتخابات میں بھی بی جے پی نے جیت درج نہیں کی ہوتی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی نے پورے سسٹم کو قبضہ میں کیا ہے اور لوگوں کو ڈرا رہی ہے جس کی وجہ سے یہ دوسری قسم کی لڑائی ہے اور اس لڑائی میں کانگریس لڑنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے دعوی کہا ہے 2024 عام انتخابات میں کانگریس پارٹی اور انڈیا الائنس بی جے پی کو ہرا دے گی۔