لداخ یونین ٹریٹری انتظامیہ کے ترجمان ریگزن سیمفل کے مطابق کرگل میں جن پانچ افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں ایران سے واپس لوٹنے والے چار زائرین اور ایک طالب علم شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ لداخ میں رواں ماہ کی 19 تاریخ کو کورونا کا کوئی ایکٹو کیس نہیں تھا کیونکہ اس تاریخ تک جن 43 مریضوں کے ٹیست مثبت آئے تھے ان سب کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا تھا۔
رگزن سمفل نے بتایا کہ ہفتہ کے روز دہلی سے واپس لوٹنے والے ایک طالب علم کا ٹیسٹ مثبت آیا اور اس کو علاحدہ وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ طالب علم نے وطن واپسی کے دوران جموں میں بھی قیام کیا تھا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ کرگل کے ہی رہنے والے چار افراد جو ایران سے واپس لوٹے تھے، کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ چاروں پہلے ہی انتظامی قرنطینہ میں تھے اور انہیں بھی علاحدہ وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔
مسٹر سمفل نے لداخ میں کورونا متاثرین کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا: 'لداخ یونین ٹریٹری میں اب تک مجموعی طور پر 49 افراد کورونا میں مبتلا ہوئے جن میں سے 43 صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ چھ کیسز ابھی ایکٹو ہیں'۔
انہوں نے بتایا ایکٹیو کیسز میں سے پانچ کا تعلق ضلع کرگل سے جبکہ ایک لیہہ کا رہنے والا ہے۔ بتادیں کہ لداخ کو کورونا سے پاک قرار دینے کے چند دن بعد ہی یہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔