ریاست جھارکھنڈ میں مغربی سنگھبھوم ضلع کے گودری تھانہ علاقہ میں ہفتہ کو پیپلس لبریشن فرنٹ آف انڈیا (پی ایل ایف آئی)کے شدت پسندوں اور سیکوریٹی فورسز کے مابین تصادم کے بعد پولیس نے اے کے-47 سمیت دیگر سامان برآمد کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ علاقہ میں پی ایل ایف آئی کا ایک دستہ آیا ہوا ہے۔
خبر کی بنیاد پر سکیوریٹی فورس اور مقامی پولیس کی ٹیم نے گودری تھانہ کے ماتحت جومتائی پہنچ کر تلاشی مہم کا آغاز کیا۔
اس دوران شدت پسندوں کی نظر سکیوریٹی فورسز پر پڑی اور انہوں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد سیکوریٹی فورسز نے بھی شدت پسندوں کی فائرنگ کا منھ توڑ جواب دیا۔
تقریباً ایک گھنٹہ تک چلی فائرنگ کے بعد سکیوریٹی فورسز کو خود پر بھاری پڑتا دیکھ کر شدت پسند فرار ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ تصادم کے بعد علاقہ میں چلائی گئی تلاشی مہم میں ایک اے کے-47 رائفل، میگزین کے علاوہ موبائیل فون برآمد کیا گیا ہے، جس معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔