لاک ڈاؤن کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی دارالحکومت رانچی کے رنگ روڈ کے قریب واقع اپنے فارم ہاؤس میں اپنے کنبہ کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔ مسلسل ماہی سے متعلق فوٹو و ویڈیو وائرل ہو رہی ہیں۔ ایک بار پھر مہندر سنگھ دھونی اور بیٹی جیوا کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جسے مداح بہت پسند کررہے ہیں۔
راصل ماہی کو فارم ہاؤس کے اندر باغ کے قریب اپنی بیٹی کے ساتھ بائک چلاتے نظر آئے۔ اس سے پہلے بھی ماہی اور جیوا کو موٹر سائیکل سواری سے زبردست لطف اندوز ہوتے دیکھا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ان دنوں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ماہی اپنے گھر پر ہیں اور اس طرح کا نظارہ مسلسل دیکھا جارہا ہے۔ کبھی ماہی کو اپنے گارڈن میں گراس کٹر مشین سے گھاس کاٹتے ہوئے دیکھا جاتا ہے تو کبھی ان کی اہلیہ ساکشی پورے باغ کی ویڈیو بناتے ہوئے دکھائی دیتی ہے۔
اب ماہی اور جیوا کی اس بائک رائڈنگ کا ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔ جس میں ماہی تیز رفتار سے موٹرسائیکل چلاتے ہوئے دکھائی دے رہے اور جیوا پیچھے بیٹھی مزے کررہی ہے۔ اسی دوران بیوی ساکشی اس منظر کو کیمرے پر قید کرتی نظر آرہی ہیں۔ اس ویڈیو میں ماہی کا پالتو کتا بھی دکھائی دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان دنوں پورا ملک رک سا گیا ہے۔ قومی اور بین الاقوامی سطح کے تمام کھلاڑی اپنے گھروں میں قید ہیں۔ تاہم کھلاڑی اپنے کنبہ کے ساتھ بہتر وقت گزر رہے ہیں، جو وقتا فوقتا اپنے مداحوں کے لیے کچھ تصاویر اور ویڈیوز کلک کر انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے اپ لوڈ کر رہے ہیں۔