جھارکھنڈ میں بھوت کے ڈر سے ایک گھر نے گاؤں چھوڑ دیا۔ ڈر ایسا ہے کہ وہ دوسرے گاؤں میں رہ رہے ہیں۔ ادھر اس واقعے سے دوسرے گاؤں کے لوگ بھی خوفزدہ ہیں۔
معاملہ یہ ہے کہ موسابنی تھانہ علاقہ کے تلاؤنی گاؤں کے باشندے گروداس کے گھر میں لوگوں کو کرنٹ کا جھٹکا لگتا تھا جس کے بعد گھر کے لوگ بے ہوش ہو جاتے تھے جس کے بعد گروداس ٹوڈو، ان کا بھتیجا منگل ٹوڈو اور گربا ٹوڈو اپنا گھر چھوڑ کر چلے گئے۔
گھر کے سرپرست گروداس ٹوڈو کا کہنا ہے کہ 'ہمارے گھر میں کسی بھوت کا سایہ ہے، جو بجلی کے جھٹکے دے کر بے ہوش کر رہا ہے۔'
گروداس ٹوڈو کے چار بھائی اور ایک بہن ہے۔ ان کے تین بھائی بہن کی موت ہو چکی ہے اور سب سے بڑے بھائی سنیل ٹوڈو کی 30 برس پہلے ہی موت ہو گئی تھی جس سے ان کو لگتا ہے کہ ان کے گھر میں کسی آسیب کا سایہ ہے۔ اس واقعے کے بعد گاؤں میں ڈر کا ماحول ہے۔
یہ خبر جب گاؤں میں گشت کرنے لگی تو موسابنی تھانہ انچارج نے رات میں آکر اس معاملے کی چھان بین کی۔ گھر کے کونے کونے میں جا کر اپنا ہاتھ لگا کر دیکھا کہ کہیں کرنٹ تو نہیں لگ رہا ہے اور رات میں ہی وہ قبرستان بھی گئے جہاں اس کے بھائی کو دفنایا گیا تھا لیکن ایسا کچھ نہیں تھا۔ تھانہ انچارچ کا کہنا ہے کہ 'لوگوں کو محض شبہ ہے جبکہ جانچ کے دوران ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔'