ریاست جھارکھنڈ کے ضلع دومکا میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلی ہیمنت سورین نے کہا کہ ریاست کے طلباء کو جو آن لائن اسکالرشپ ملتی ہے، اس میں راگھوور حکومت کے دوران کروڑوں روپئے کی بدعنوانی ہوئی ہے۔ یہ معاملہ محکمہ فلاح و بہبود کے ماتحت آتا ہے اور اس وقت کے فلاح و بہبود کے وزیر لوئس مرانڈی تھیں جو آج دومکا اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جانچ پڑتال کے بعد کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ انتقام کے جذبات کے ساتھ سیاست کرنے میں یقین نہیں رکھتے، چیف سکریٹری کو اس بدعنوانی کے بارے میں شکایت موصول ہوئی تھی، اس کے تحت لاکھوں طلباء کے بینک اکاؤنٹ سے اسکالرشپ کی رقم کی منتقلی میں بدعنوانی کا معاملہ سامنے آیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بات دہلی کے میڈیا میں بھی سامنے آئی ہے۔ اس کے بعد چیف سکریٹری سکھ دیو سنگھ نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
آپ کو بتادیں کہ طلباء کے لئے سال 2019۔20 میں مرکز نے جھارکھنڈ حکومت کو 61 کروڑ روپئے دیئے تھے۔ اس معاملہ میں تقریبا 23 کروڑ کی بدعنوانی ہوئی ہے۔