سرینگر جموں قومی شاہراہ پر چرسو اونتی پورہ میں قائم ٹول پلازہ میں سرکاری احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے 20 کلومیٹر کے اندر تعلق رکھنے والے گاڑی مالکان سے بھی ٹول فیس وصول کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد ناراض ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق حال ہی میں انتظامیہ کی طرف سے یہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے کہ اونتی پورہ ٹول پلازہ کے نزدیک بیس کلومیٹر کے دائرے میں رہ رہے لوگوں کو ٹول فیس ادا نہیں کرنا ہوگا، لیکن ٹول پلازہ پر تعینات ملازمین سرکاری احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے مقامی لوگوں سے بھی ٹول فیس لے رہے ہیں جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر گاڑی مالکان اور ٹول حکام کے بارے میں تو تو میں میں کے واقعات پیش آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
جموں: ٹول پلازہ قائم کرنے کے خلاف احتجاج
ایک گاڑی مالک سبزار احمد نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ایک طرف سے انتظامیہ بیس کلومیٹر کے دائرے میں آنے والے لوگوں کو ٹول نہ دینے کا حکم نامہ جاری کرتی ہے، وہیں ٹول پلازہ پر تعینات ملازمین اپنے ہی قانون نافذ کرتے ہیں۔
مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو ٹول پلازہ پر سرکاری احکامات کے عین مطابق کوئی ٹول جمع کرنے کے لیے مجبور نہ کیا جائے۔ اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت نے نیشنل ہائوے اتھارٹی آف انڈیا کے مقامی عہدیدار سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔